ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بنٹوال: کچرا پھینکنے کی جگہ کو خوبصورت پارک میں تبدیل کردیا گیا۔۔۔وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح

بنٹوال: کچرا پھینکنے کی جگہ کو خوبصورت پارک میں تبدیل کردیا گیا۔۔۔وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح

Mon, 10 Oct 2016 14:04:28    S.O. News Service

بنٹوال 10؍اکتوبر(ایس او نیوز) بنٹوال تعلقہ کے بی سی روڈسرکل کے قریب ایک خالی میدان تھا جس پر ایک زمانے سے لوگ کوڑا کرکٹ لاکر پھینک رہے تھے اور اس کی سڑاند سے پورے علاقے کے لوگوں کا جینا محال ہوگیا تھا۔ یہ کچرا ڈمپنگ گراؤنڈ جوماحولیاتی آلودگی کا سبب بنا ہواتھا، اسے اب ایک نیا روپ دیا گیا ہے۔ اس مقام پر 1.40 کروڑ روپے کی لاگت سے ایک خوبصورت باغ بنایا گیا ہے جس کا افتتاح وزیر اعلیٰ کرناٹک سدارامیا کے ہاتھوں عمل میں آیا۔

یہ کارنامہ اس علاقے کے سیاسی نمائندے وزیر جنگلات اور ضلع انچارج وزیر مسٹر رماناتھ رائے نے انجام دیا ہے۔ یہاں کے ماحول کو صاف ستھر ا بنانے میں ان کی گہری دلچسپی نے کوڑے کچرے کے ڈھیر کی جگہ پر ایک خوبصورت پارک نما باغ کھڑا کردیا ہے۔اس پارک کی تعمیر کے لئے پولیوشن کنٹرول بورڈ کی طرف سے رقم فراہم کی گئی ہے۔ پارک میں خوبصورت پھولوں کی کیاریاں بنی ہوئی ہیں۔ بیٹھنے کے لئے ماحول دوست مٹیریل سے بنے بینچ موجود ہیں۔بجلی کے لئے سولار لائٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔پانی کا بھی مناسب انتظام ہے ۔بچوں کے کھیل کود اور تفریح کا سامان بھی موجود ہے۔اس کے علاوہ آئندہ دنوں میں وائی فائی اور ایف ایم ریڈیو کی سہولتیں یہاں فراہم کیے جانے کا منصوبہ ہے۔چونکہ دھرمستلا، پتور، منگلورو، موڈبدری وغیرہ کے راستوں کے جوڑنے والے مقام پر یہ پارک بنایاگیا ہے اس لئے اس کو "جوڈو مارگ پارک"کا نام دیا گیا ہے۔درحقیقت یہ بنٹوال کے شہریوں کے لئے ایک خوبصورت تحفہ ہے۔جس افتتاح کرنے کے بعد وزیراعلیٰ سدارامیا نے پورے پارک کی سیر کی اور اپنی مسرت کا اظہار کیا۔اس موقع پر ضلع انچارج وزیر رماکانت رائے کے علاوہ وزیر غذا یو ٹی قادر، ایم ایل اے محی الیدن باوا، جی آر لوبو، ابھئے چندرا، ایوان ڈیسوزا اور دیگر افراد موجود تھے۔


Share: